بدوملہی (آن لائن) مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری ، سابق وفاقی وزیر داخلہ اور رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوام موجودہ حکومت سے تنگ آکر مسلم لیگ ن کے دور حکومت کو یاد کر رہے ہیں، ملکی معیشت بری طرح تباہ ہوچکی، عوام کے لیے دووقت کی روٹی پوری کرنا بھی مشکل ہوچکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔احسن اقبال قتل ہونے والے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نارووال کے سابق صدر رانا شاہد نور ایڈووکیٹ کے آبائی لالہ میں ان کی رہائش گاہ پر گئے اور اس موقع پر انہوںنے رانا شاہد نور ایڈووکیٹ کے بھائیوں رانا پرویز احمد ، رانا اطہر ندیم اوررانا پولی کے علاوہ دیگر اہل خانہ سے اظہارتعزیت کی ۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور رانا شاہد نور ایڈووکیٹ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے کڑ ی سزا دے کر اہل خانہ کو انصاف فراہم کریں۔ انہوں نے کہا اس وقت موجودہ حکومت عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بُری طرح ہوچکی ہے ۔عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ملکی معیشت بری طرح تباہ ہوچکی ہے اس وقت بدترین مہنگائی اور بے روز گاری کا طوفان اس قدر برپا ہوچکا ہے کہ عوام کے لیے دووقت کی روٹی پوری کرنا بھی مشکل ہوچکا ہے۔ عوام موجودہ حکومت سے تنگ آکر مسلم لیگ ن کے دور حکومت کو یاد کر رہے ہیں۔