لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کرپٹ حکومت تباہ شدہ معیشت پر فخریہ بیانات دیتی ہے ۔ انہوں نے ایک بیان میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان 2018ء اور 2021 ء کے معاشی اعداد و شمار کا موازنہ جاری کریں ، نالائق، جھوٹی اور کرپٹ حکومت تباہ شدہ معیشت پر فخریہ بیانات دیتی ہے، معیشت زمیں بوس کرنے کے بعد جھوٹ بولنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوتی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے اعداد و شمار کے باوجود (ن) لیگ کے معاشی اہداف تک آپ پہنچ نہیں پائے ،(ن) لیگ نے 5 سال میں 10 ہزار ارب قرض لے کر ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، آپ نے3سال میں15ہزار ارب تاریخی قرض لے کر ایک نئی اینٹ نہیں لگائی۔انہوں نے مزید کہا کہ رواں برس4500 ارب کا ہدف پورا نہیں ہو سکا، (ن) لیگ کی حکومت کے آخری سال میں ایف بی آر نے 3842 ارب جمع کیے تھے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے لیے 5.8 کھرب کا ہدف رکھ کر کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔