پی ڈی ایم کنفیوژن کا شکار ہے،واپسی کی خواہش نہیں ،بلاول زرداری

235
چارسدہ: بلاول زرداری بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر ایمل ولی خان سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

چارسدہ/اسلام آباد(آن لائن)پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کنفیوژن کا شکار ہے‘ واپسی کی خواہش نہیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے چارسدہ میں اے این پی کے رہنمائوں کیساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔بلاول زرداری نے کہا کہ اس وقت پاکستانی عوام نااہل حکومت کی وجہ سے شدید خطرناک صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں،حکومت، اس کے ترجمان اور وزرا مستقل جھوٹ بول رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں معیشت بہتر ہوگئی ہے، یہ نااہل حکومت خارجہ پالیسی پر غیرسنجیدہ ہے ، اس وقت سی پیک منصوبے کی رفتار انتہائی سست ہے،جو صورتحال افغانستان میں پیدا ہو رہی ہے اس میں اس ناتجربہ کار حکومت کی وجہ سے پاکستان کو نقصان ہو سکتا ہے،منتخب عوامی نمائندے بہادری سے فیصلے کرتے ہیں لیکن یہ کٹھ پتلی حکومت نہ بھارت کو اور نہ کسی اور کو بہادری سے جواب دے سکتی ہے،پی ڈی ایم تقسیم کا شکار ہے اوراس کا وژن واضح نہیں، ہم چاہتے ہیں اپوزیشن مل کر پی ٹی آئی آئی ایم ایف بجٹ کی مخالفت کرے اور متفقہ حکمت عملی بنائے ، حزب اختلاف میں ہر سیاسی جماعت کااپنا منشور اور نظریہ ہوتا ہے، پی پی اور اے این پی کا نظریہ اور منشور پروگریسیو ہے اور ہم دونوں ایک پرامن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان چاہتے ہیں۔قبل ازیںبلاول زرداری نے چارسدہ جا کر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی اور دیگر اے این پی لیڈروں کے ساتھ بزرگ سیاستدان بیگم نسیم ولی خان کی رحلت پر تعزیت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، سید نیر حسین بخاری، سینیٹر فرحت اللہ بابر، فیصل کریم کنڈی، ہمایوں خان، شاذی خان ، ملک تہماس، روبینہ خالد، امجد آفریدی، شیر اعظم نذیر، احمد کنڈی، ساجد طوری، فرزند وزیر، ہدایت اللہ اور لیاقت شباب بھی چیئرمین بلاول کے ساتھ تھے ۔