سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں گرم گودی کے مکینوں کا ریلوے آپریشن اور بے گھر کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ و نعرے بازی۔ سکھر کے علاقے گرم گودی روڈ کے دکانداروں اور رہائشی افراد نے محکمہ ریلوے سکھر ڈویژن کی جانب سے ریلوے اراضی پر قابضین سے زمین واگزار کرانے کے لیے کیے جانے والے آپریشن کیخلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلوے انتظامیہ کیخلاف نعریبازی کی۔ اس موقع پر احسان اللہ، ڈنو شیخ، نوید ملک، جمیل احمد، وحید و دیگر کا کہنا تھا کہ ہم لوگ کئی سال سے ریلوے کی اراضی پر رہائش پذیر ہیں اور دکانیں قائم ہیں، ریلوے کی جانب سے ہمیں الاٹمنٹ بھی حاصل ہے اور ہم باقاعدہ کرایہ ادا کرتے ہیں لیکن افسوس ریلوے انتظامیہ ہمیں بے گھر کرنے پر تلی ہوئی ہے، گزشتہ روز ریلوے سکھر کے ڈی ایس نے عملے اور بھاری پولیس کے ہمراہ علاقے میں بنا کسی نوٹس یا اطلاع کے دھاوا بول دیا اور گھروں اور دکانوں کو مسمار کرنا شروع کردیا، جس پر متاثرہ افراد نے مزاحمت کی تو ریلوے پولیس نے ڈیوٹی میں رکاوٹ ڈالنے کا کیس داخل کرکے پانچ سے زائد افراد گرفتار کرلیے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ اگر ہمیں بے دخل کرنا چاہتی ہے تو ہمیں پہلے متبادل جگہ فراہم کی جائے، بعد ازاں ہمیں بے دخل کریں۔ مظاہرین نے بالا حکام سے نوٹس لے کر انصاف و تحفظ فراہمی سمیت آپریشن ملتوی کرنے اور گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔