شہباز شریف پی ڈی ایم کے بجائے ن لیگ کو اکٹھا کریں، فرخ حبیب

285

فیصل آباد (صباح نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریفخود کو بچانے کیلیے پی ڈی ایم کو اکٹھا کرتے پھر رہے ہیں، پہلے ن لیگ کو تو اکٹھا کر لیں۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم اور شہباز میں اختلافات کے باعث مریم مغرب کی طرف اور شہباز شریف مشرق کی طرف ہیں مگرکوئی کچھ بھی کرلے انہیں این آر او نہیں ملے گا انہیں چا ہیے کہ وہ فضل الرحمن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر حکومت کے خلاف سازشوں کے بجائے پارلیمان میں آکر قانون سازی اور قومی معاملات پر اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ مولانافضل الرحمن ہوا کا رخ دیکھ رہے ہیں جو کبھی شہبازشریف اور کبھی مریم نواز کے ساتھ ہوتے ہیں لیکن وہ وہیں جائیں گے جہاں سے انہیں ایزی لوڈ ملے گا، پی ڈی ایم ٹھگوں کا ٹولہ ہے جو پاکستان کو ترقی کی ڈگر پر گامزن ہوتا نہیں دیکھ سکتا۔