تیاریاں مکمل ،پشاور میں آج لبیک القدس ملین مارچ ہوگا

117

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی اتوار 30 مئی کو پشاور میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لبیک القدس ملین مارچ منعقد کررہی ہے جس میں تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے مرد ، خواتین ، بچوں ، بزرگوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی ۔سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق مارچ کے لیے جی ٹی روڈ سردار گڑھی پر 5 فٹ لمبا اور20 فٹ چوڑا سٹیج تیار کرلیاگیاہے ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق لبیک القدس ملین مارچ کے شرکا سے ساڑھے 6 بجے کلیدی خطاب کریں گے ۔دیگر مقررین میں نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان ، امیر صوبہ سینیٹر مشتاق احمد خان ، ایم این اے مولاناعبدالاکبر چترالی، سابق صوبائی صوبائی وزیرعنایت اللہ خان اور ضلعی امیر عتیق الرحمن شامل ہیں ۔ قیصر شریف نے کہاہے کہ سراج الحق کی اپیل پر فلسطین فنڈ قائم کیا گیاہے ۔ فلسطینیوں کی مدد کے لیے 31 مئی کو جھولی پھیلائو مہم کا بھی آغاز ہوگا ۔انہوںنے عوام سے فلسطین فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرانے اور ملین مارچ میں شرکت کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے ۔