آئی ایم ایف بجٹ کی منظوری ملکی خود مختاری پر حملہ ہوگا،بلاول

316

کراچی(نمائندہ جسارت)چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے عوام دشمن پی ٹی آئیآئی ایم ایف بجٹ کی پارلیمان سے منظوری کو ناکام بنائیں گے،ہر پاکستانی کو مقروض کرکے معاشی ترقی کے گن گانا زخموں پر نمک چھڑکنے جیسا ہے۔گزشتہ روزایک بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازمین کی جانب سے بنائے گئے بجٹ کی منظوری پاکستان کی خود داری پر ایک حملہ ہوگا، پیپلزپارٹی ملکی معاشی بقا کی خاطر پی ٹی آئی آئی ایم ایف بجٹ کی منظوری روکنے کے لیے جدوجہد کرے گی۔ بلاول زرداری نے کہا کہ ہر بجٹ سے پہلے عمران خان اعلان کرتے ہیں کہ یہ سال ترقی کا ہوگا اور پھر معاشی تباہی کا سلسلہ جاری رہتا ہے، عوام دشمن حکومت عوام دوست بجٹ نہیں بناسکتی، عوام پی ٹی آئی کے کرتوتوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں، بھاری بھرکم ٹیکسوں کے ذریعے عام آدمی کی جیبوں سے پیسہ نکال کر خزانہ بھرنے کا دعویٰ کارنامہ نہیں بلکہ شرم کی بات ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سخت شرائط پر لیے گئے قرضوں اور ناقابل برداشت ٹیکسوں سے خزانہ بھرنے کا دعویٰ معاشی ترقی نہیں کہلاتا،ملک کے عام آدمی کے پاس مہنگی دوا خریدنے تک کے پیسے نہیں ہیں تو وہ خزانہ بھرنے کے عمران خان کے دعوئوں کا آخر کیا کرے گا، دنیا کی مہذب ریاستوں میں معاشی ترقی کا صرف ایک پیمانہ ہے کہ عام آدمی کی زندگی خوشحال ہو۔بلاول زرداری نے کہا کہ عمران خان کا ہر پاکستانی کو پونے 2لاکھ روپے کا مقروض کرکے معاشی ترقی کے گن گانا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے جیسا ہے، عمران خان کا ہدف عام آدمی سے بھاری بھرکم ٹیکس وصول کرکے خزانہ بھرنا اور اپنے امیر دوستوں کو اس خزانے سے ایمنسٹی اسکیمیں دینا ہے، پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیاں عوام دوست نہیں بلکہ چند سرمایہ داروں کے مفادات کے گرد گھومتی ہیں۔