بغداد (اے پی پی+صباح نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جمعہ کو 3 روزہ دورے پر عراق پہنچ گئے۔ بغداد ہوائی اڈے پر عراق کے نائب وزیر خارجہ ڈاکٹر صالح التمیمی، پاکستان میں عراقی سفیر حامد لفطہ اور عراقی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ اپنے دورہ عراق کے دوران عراقی ہم منصب فواد حسین اور عراق کی دیگر اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری،تعلیم، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہو گا۔وزیر خارجہ عراقی قیادت کو مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر، افغان امن عمل سمیت اہم علاقائی امور پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بغداد میں حضرت شیخ عبد القادر جیلانی کے روضہ پر حاضری دی اور روضہ سے ملحقہ جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ شاہ محمود نے امت مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی ترقی، خوشحالی، کورونا سمیت آفات سے خلاصی کے لیے دعائیں کیں۔