پروفیسر یعقوب شائق نے زندگی بھر اقامت دین کی جدوجہد کی‘ سراج الحق

96

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پروفیسر یعقوب شائق ایک شمع کے ماند تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔پروفیسر یعقوب شائق مرحوم نے اپنی زندگی اقامت دین اور کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے ہوے گزاری ہے۔ ان کی دینی، علمی و ادبی اور سماجی خدمات کو تادیر یاد رکھا جاے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے صدر نثار احمد شائق کے والد ممتاز ماہر تعلیم، دانشور و ادیب پروفیسر محمد یعقوب شائق کی وفات پر ان کی رہائش گاہ جاکر اظہار تعزیت کے موقع پر کیا۔ سراج الحق نے وہاں موجود مرحوم کے لواحقین اور جماعت اسلامی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے ہونہار فرزند نثار شائق اپنے والد کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے لیے صبر واستقامت کی دعا کرتے ہیں ۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر راجہ جہانگیر خان، صدر الخدمت فا¶نڈیشن آزاد کشمیر کرنل ظفر رشید عباسی، رفعت رشید عباسی، امیر جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، جے آئی یوتھ آزاد کشمیر کے نائب صدر سردار شکیل ضیا، امیر جماعت اسلامی ضلع میرپور مولانا عتیق الرحمن، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سیکرٹری اطلاعات راجہ ذاکر خان، سینئرصحافی و کالم نگار راجہ بشیر عثمانی سمیت بڑی تعداد میں کارکنان جماعت اور مرحوم کے عزیزواقارب موجود تھے۔