سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف نئی حکومتی درخواستیں اعتراض لگا کر واپس کردیں

528

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف حکومت کی جانب سے دائر کی گئی نئی درخواستیں اعتراض لگا کر واپس کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے میں نظر ثانی درخواستیں دائر کی تھیں، تاہم رجسٹرار آفس نے نئی درخواستیں اعتراض لگا کر واپس کردی ہیں۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا کہ ایک کیس میں دو مرتبہ نظرثانی نہیں ہوسکتی۔

صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وزیر قانون فروغ نسیم نے نظرثانی درخواستیں دائر کی تھیں۔ نظرثانی درخوستیں ایف بی آر اور شہزاد اکبر نے بھی دائر کی تھیں۔واضح رہے کہ حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا جسے سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا تھا، تاہم ٹیکس معاملات ایف بی آر کو بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

اس حکم کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسی اور ان کی اہلیہ نے نظر ثانی درخواستیں دائر کیں جو سپریم کورٹ نے منظور کرلیں تھیں جس کے نتیجے میں ان کے خلاف ہونے والی ایف بی آر کی کارروائی، تحقیقات اور رپورٹ کالعدم قرار دے دی گئی۔