وزیراعظم کی ہدایت پر وزیرداخلہ شیخ رشید آج کراچی پہنچیںگے

169

کراچی (اسٹاف رپورٹر+ اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد آج کراچی پہنچیں گے اور رینجرز ہیڈکوارٹر میں امن و امان سے متعلق اہم ترین اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں شرکت کیلیے پولیس سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو رینجرز ہیڈ کوارٹر میں مدعو کیا گیا ہے، امن و امان کی صورتحال پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی ملاقات متوقع ہے، سندھ میں صوبائی وزیر داخلہ کا منصب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے پاس ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سندھ میں بدانتظامی، خصوصاً امن و امان اور بڑھتے ہوئے جرائم پر اپنی شدید تشویش سے آگاہ کیا۔ جس پر نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ کا دورہ کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس صورتحال پر حکمت عملی طے کریں۔ وزیر داخلہ اس دورے کے بعد اپنی رپورٹ وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔