شاہد خاقان کی پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی پر استعفے کی دھمکی

136

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماشاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کو دوبارہ پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دینے پر مستعفی ہونے کی دھمکی د یتے ہوئے کہا ہے کہ اصولوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا، پیپلزپارٹی دوبارہ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنی تو پی ڈی ایم نیا سیکرٹری جنرل ڈھونڈ لے۔ منگل کو اسلام آباد میں عدالت پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دوبارہ پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دینے کے معاملے پر تحفظات برقرار ہیں، پی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی کو کوئی دعوت نہیں دی گئی، فضل الرحمن نے واضح کہا ہے پیپلزپارٹی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، پی ڈی ایم میں اگر کسی نے شامل ہونا ہے تو اس کا اعتماد بحال کرے جو کاغذ پھاڑے تھے جوڑ کر پڑھیں اور وضاحت دیں ،پی ڈی ایم ایسا اتحاد نہیں جس سے جب دل چاہا نکل جائیں۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والا ادارہ نیب ہے، کابینہ جو مرضی فیصلے کرتی رہے افسران عمل نہیں کرتے، ملک میں چینی کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے، 53 روپے والی چینی 110 روپے کلو میں مل رہی ہے، چینی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمے داروں کا آج تک پتا نہیں چل سکا، حکومت بے بنیاد الزامات کے سوا کچھ نہیں کر رہی، کمیشن بنے، رپورٹس بھی آئیں لیکن نیب ابھی تک خاموش ہے، رنگ روڈ معاملے کی تفتیش کے بعد سب بری الذمہ ہوجائیں گے، استعفا دینے والے قربانی کا بکرا ہیں، اصل ذمے داران کو بچایا جا رہا ہے۔