کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

377

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ایک کھلاڑی کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد  مذکورہ کھلاڑی اب ٹیم کے ہمراہ ابوظہبی کے لیے سفر نہیں کرے گا۔

پی سی بی کے مطابق کھلاڑی کو فی الحال کراچی کے ہوٹل میں علیحدہ منزل پر قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔گزشتہ روز ہوٹل پہنچنے پر مذکورہ کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کے لیے کھلاڑی کراچی اور لاہور کے ہوٹلز میں قرنطینہ ہیں اور دو روز قرنطینہ میں رہنے کے بعد کورونا ٹیسٹ لیے جارہے ہیں۔

کھلاڑی کراچی اور لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ طیارہ ابوظہبی روانہ ہوں گے۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ  بولر نسیم شاہ کوپاکستان سے روانگی کے لیے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پرلاہور کے مقامی ہوٹل میں قائم آئسولیشن سے ریلیز کردیا گیا ہے

ناقابل قبو ل پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانے کی وجہ سے نسیم شاہ اب 26 مئی کو ابوظہبی روانہ نہیں ہوں سکیں گے، لہٰذاوہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ۔ پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے لیے بنائے گئے کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کراچی اور لاہور سے چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے ابوظہبی روانہ ہونے والے تمام مسافروں کو گزشتہ روز لاہور اور کراچی کے ٹیم ہوٹلز میں داخل ہوتے وقت زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے قبل دئیے گئے اپنے کوویڈ 19ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانا تھی۔

تاہم نسیم شاہ نے اس موقع پر اپنے 18 مئی کو کئے گئے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروائی۔ پرانی رپورٹ جمع کروانے پر انہیں  ہوٹل کی علیحدہ منزل پر آئسولیشن میں رکھا گیا،جس کے بعد3 رکنی انڈیپنڈنٹ میڈیکل ایڈوائزریپینل برائے پی ایس ایل کی سفارشات پر انہیں ریلیز کرنے کافیصلہ کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابرحامد کا کہنا ہے کہ ہمیں فاسٹ  بولر کو اپنے اہم ایونٹ میں شرکت سے روکنے پر کوئی فخر محسوس نہیں ہورہا لیکن اگر ہم اس خلاف ورزی کو نظر انداز کرتے ہیں تو ہم ممکنہ طور پر پورے ایونٹ کو خطرے میں ڈال دیں گے۔