کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں جب تک عمران خان جیسے لوگوں کو اقتدار میں لانے کے تجربے ہوتے رہیں گے‘ اس وقت تک ملک ترقی نہیں کرسکتا‘ پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے‘ مسلسل جھوٹ اور غلط بیانی سے عمران خان معاشی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں‘ مرغیوں، انڈوں، بھینسوں اور کٹوں کی مارکیٹنگ سے ملکی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کے لیے پرانی مردم شماری کے اعداد و شمار استعمال کیے‘ عمران خان کی ایمان داری کا جھوٹا تاثر قائم کیا گیا‘ ایک زرعی ملک کے صرف غذائی اجناس کے درآمدی بل میں 53 فیصد تک کا اضافہ حکومتی معاشی کارکردگی پر ایک طمانچہ ہے‘ عمران خان نے عوام سے جتنے وعدے کیے ان میں سے کسی ایک کو بھی پورا نہ کرسکے‘ عمران خان نے 90 روز میں ملکی معیشت ٹھیک کرنے کا کہا تھا‘ ملکی معیشت کب ٹھیک ہوگی؟ عمران خان مہنگائی کے سونامی کی تباہی کا شکار عوام کے سامنے سرنڈر کرکے اپنے جھوٹے دعوئوں اور وعدوں پر معافی مانگیں۔