اسد عمر معیشت سے لاعلمی پر برطرف ہوئے‘شازیہ مری

98

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ عطامری نے کہا ہے کہ اسد عمر کو اگر معیشت کا پتا ہوتا تو وزیر خزانہ کے عہدے سے برطرف نہ ہوتے، عمران نیازی کی نالائقی کو چھپانے کے لیے وزرا جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر اسد عمر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ سندھ ہمارا نہیں ہے، اسی لیے صوبے میں10،10 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، پانی کی تقسیم میں ناانصافی کی جاتی ہے اور فنڈز میں کٹوتی کی جاتی ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان کبھی انڈوں، کبھی کٹوں، کبھی بھنگ کی فلاسفی پر معیشت قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تبدیلی کے نام پر عوام سے کیا جانے والا فراڈ بے نقاب ہو چکا ہے، کسان معاشی بدحالی کے شکار ہیں، مزدور بھوکے مر رہے ہیں اور تنخواہ دار و دیہاڑی دار طبقہ مشکلات کا شکار ہوگیا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ اب ظالم سونامی کے عذاب سے نجات چاہتے ہیں۔