سکھر (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ منافع خوروں کیخلاف متحرک، مہنگے داموں گوشت فروخت والے قصابوں کیخلاف کریک ڈائون، پچاس ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد، ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور کی ہدایات پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو سپلائی ظفر اندھڑ کی سربراہی میں ریونیو عملے اور پولیس فورس کے ہمراہ سکھر شہر کے مختلف علاقوں دبہ روڈ، نمائش روڈ، پرانا سکھر، شاہی بازار، موچی بازار، جناح چوک، ڈھک روڈ اور دیگر علاقوں میں عوامی شکایات پر مہنگے داموں گوشت کی فروخت کرنے والے قصابوں کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ان کیخلاف 50 ہزار سے زائد جرمانے عائد کیے۔ اے ڈی بیورو سپلائی ظفر اندھڑ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور کی سخت ہدایات ہیں کہ ضلع بھر میں منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ مذکورہ علاقوں میں مہنگے داموں عوام کو گوشت کی فروخت کی شکایات موصول ہوئیں، جس پر ایکشن لیتے ہوئے مہنگے داموں گوشت فروخت کرنیوالے قصابوں کیخلاف کریک ڈائون کیا گیا اور قصابوں پر پچاس ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔ اس قسم کی شکایات دوبارہ موصول ہوئیں اور کسی بھی قصاب پر مہنگے داموں گوشت کی فروخت ثابت ہوئی تو بھاری جرمانے عائد کر کے سخت قانونی کارروائی کے جائے گی۔