ایران میں لانگ رینج لڑاکا ڈرون ’’غزہ‘‘ کی نمایش

358
ایران: پاسدارانِ انقلاب کی قیادت مقامی ساختہ ڈرون ’’غزہ‘‘ کا معاینہ کررہی ہے

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے مقامی طور پر تیار کردہ 2 ہزار کلومیٹرتک مار کرنے والے لڑاکا ڈرون کو غزہ سے منسوب کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق پاسداران انقلاب نے غزہ ڈرون کی نمایش کے دوران فلسطینیوں کی جدوجہد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ غزہ ڈرون 35 گھنٹے پرواز، 13 بم اور 500 کلو گرام الیکٹرانک اشیا ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاسداران انقلاب کے میجرجنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ نئے ڈرون کانام غزہ اور وہاں کے باشندوں کے اعزاز میں رکھا گیا ہے، جو حملہ آور اور جارحیت پسند صہیونیوں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ ایران کے میزائل نظام کے خلاف امریکاسمیت مغربی طاقتیں آواز اٹھاتی رہتی ہیں۔ اس سے قبل ایران میں پاسداران انقلاب کی جانب سے کئی بار ڈرون طیارون اور جدید میزائلوں کی نمایش کی جاتی رہی ہے۔ 2015ء میں عالمی طاقتوں نے ایران کے ساتھ معاہدہ کیاتھا،جس کا مقصد تہران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے باز رکھنا تھا، تاہم2018ء میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدہ سے یک طرفہ انخلا کا اعلان کرکے ایران پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔ اس کے بعد سے ایران نے یورینیم کو علانیہ افزودہ کرنا شروع کردیا ہے۔