لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ اسلامی دنیا کے حکمران متحد ہو کر فلسطین و کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دیں ۔ مسجد اقصیٰ پر حملے پونے 2 ارب مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو کھلا چیلنج ہیں ۔سیز فائر کے باوجود نہتے فلسطینیوں پر مسجد اقصیٰ میں شیلنگ سے ثابت ہو گیا کہ اسرائیل فاشسٹ اور ناجائز ریاست ہے ۔ مودی اور نیتن یاہو مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں ۔ پاکستان ان دونوں پر جنگی جرائم کا کیس چلائے اور عالمی عدالت انصاف کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے ۔ انسانی حقوق کے نام نہاد چمپئنزاور مغربی جمہوریتیں غزہ کے محاصرے کے دوران بری طرح ایکسپوز ہو گئیں ۔ غزہ کی تعمیر نو کے لیے عالمی فنڈ قائم نہ کیا گیا تو انسانیت ایک اور بڑے المیے سے گزرے گی ۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے ۔ شہر میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے ۔ امت مسلمہ تاریخ کے المناک دور سے گزر رہی ہے ۔ تمام تر وسائل کے باوجود مسلمان ممالک کے کروڑوں عوام غربت اور بے بسی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ حکمرانوں کی نااہلی امت کے زوال کی بڑی وجہ ہے۔ پاکستان میں ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہاہے ۔22 کروڑ عوام کی گردن پر سوار ظالم اشرافیہ نے ملک کے وقار کا سودا کردیا ۔ واحد اسلامی ایٹمی قوت ہونے کے باوجود اسلامی دنیا اور عالمی معاملات میں پاکستان کی اہمیت نہیں رہی ۔ وہ لوگ آگے آنے چاہئیں جو قوم کادرد رکھتے ہوں اورجن پر کرپشن اور بد دیانتی کا کوئی داغ دھبہ نہ ہو ۔ ان خیالات کااظہا ر انہوںنے منصورہ میں مرکزی نظم کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس 7 گھنٹے جاری رہا جس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور فلسطین و کشمیر کے معاملات زیر بحث آئے ۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امرا لیاقت بلوچ ، راشد نسیم ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں محمد اسلم ، پروفیسر محمد ابراہیم ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر ، اظہر اقبال حسن ، حافظ ساجد انور، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اورڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے شرکت کی ۔ نائب امرا اسد اللہ بھٹو ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد رحمن زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔سراج الحق نے قائدین جماعت کو ہدایات دیں کہ کراچی اور پشاور میں ہونے والے فلسطین مارچز کی تیاری کے لیے بھر پور انتظامات کیے جائیں اور ان میں لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے عوامی رابطے تیز کیے جائیں ۔ انہوںنے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جمعہ کے روز ہونے والی القدس ریلیوں میں پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیااور ثابت کردیا کہ وہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلامی انقلاب لانے کے لیے جددجہد کر رہی ہے ۔ ہماری سیاست کا مقصد فرد کے ذریعے معاشرے کی اصلاح ہے ۔ جماعت اسلامی کے ملک بھر میں موجود اراکین و کارکنان گلی گلی کوچہ کوچہ قرآن و سنت کا پیغام پہنچائیں ۔ ملک اس وقت دوراہے پر کھڑا ہے ۔ نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں عوام میں اپناوقار کھو چکی ہیں ۔ قوم اس وقت حقیقی تبدیلی کی منتظر ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھر پور محنت کی جائے اور لوگوں تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچایا جائے ۔