کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر غربت کی لکیر سے نیچے دھکیلنے والوں کو معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے کرتے ہوئے شرم آنا چاہئے، ملک میں غیر معمولی معاشی تباہی پھیلانے والے عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے معاشی ترقی کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ پی ٹی آئی حکومت معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے کرکے پاکستان کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے، عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر غربت کی لکیر سے نیچے دھکیلنے والوں کو معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی حکومت آئی ہے، صوبے میں 8.9 فیصد اضافے کے بعد شرح غربت 27 فیصد پر پہنچ چکی ہے جبکہ سندھ میں پی پی کی حکومت میں نہ صرف شرح غربت میں 7.6 فیصد کی کمی ہوئی ہے بلکہ صوبے کی فی کس آمدنی بھی ملک بھر میں سب سے زیادہ ہوچکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک جانب ملک میں غربت کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور دوسری جانب عمران خان بزرگ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن پر بھی ٹیکس لگانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے بجٹ میں بزرگ ریٹائرڈ ملازمین سے پنشن پر 10 فیصد ٹیکس وصول کرنے کے عمران خان کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کرے گی، عمران خان کو آزمانے والوں نے پاکستان کے عوام کو ایک بدترین آزمائش میں مبتلا کردیا ہے جبکہ ملک میں غیرمعمولی معاشی تباہی پھیلانے والے عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔