شہباز شریف سے متعلق عدالتی فیصلے کیخلاف حکومتی اپیل سماعت کیلیے مقرر

153

اسلام آباد(اے پی پی)عدالت عظمیٰ نے ن لیگی صدر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر حکومتی اپیل25 مئی کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔ عدالت عظمی نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں ۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں2 رکنی بینچ25 مئی کو درخواست کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، حکومت نے عدالت عالیہ کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ عدالت عظمیٰ میں وفاقی حکومت کی دائر اپیل میں موقف تھا کہ شہباز شریف کا نام پرویژنل نیشنل آئیڈنٹفکیشن لسٹ )پی این آئی ایل) میں تھا، شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس سمیت دیگر مقدمات میں انکوائریاں چل رہی ہیں، شہباز شریف نے رواں ماہ کی6 تاریخ کو لاہور ہائیکورٹ میں بیرون ملک جانے کے لیے درخواست دائر کی۔ لاہورہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کیے بغیر7 مئی کو شہباز شریف کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ شہباز شریف کے خلاف کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام سے جواب مانگا اور نہ ہی کوئی رپورٹ طلب کی۔