لبیک القدس مارچ: راولپنڈی اور گرد و نواح سے ریلیاں تیار

275

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینی مسلمانوں کے خلاف جاری ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور معصوم فلسطینی بچوں، بہنوں اور مائوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج اسلام آباد میں لبیک القدس مارچ ہوگا، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودیؒ بلڈنگ ضلعی دفتر میں لبیک القدس ریلی میں شرکت کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے لبیک القدس مارچ میں راولپنڈی شہر اور کینٹ کے علاوہ تمام تحصیلی مقامات اور قصبات و دیہات سے بھی عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس مارچ میں مردوں کے علاوہ خواتین اور نوجوان بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔راولپنڈی کے تمام قافلے اور جلوس 3بجے گلشن دادن خان شمس آباد مری روڈ پر اکٹھے ہوں گے اور پھر وہاں سے ایک بڑی ریلی کی صورت میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔ سید عارف شیرازی نے خطہ پوٹھوار کے غیور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اپنے دوست احباب اور خاندان کے ساتھ لبیک القدس ریلی میں شرکت کریں۔