لاڑکانہ، پروونشل بلڈنگ دفتر میں کرپشن کی نشاندہی پر جھگڑے

152

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پروونشل بلڈنگز آفس میں مبینہ کرپشن کی نشاندہی پر ٹھیکیدار اور افسران و ملازمین میں جھگڑے کا معاملہ، پی ٹی آئی سینیٹر کے گرفتار بھائی کو عدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے ٹھیکیدار رحمت اللہ ابڑو کو 3 روزہ ریمانڈ پر جیل کسٹڈی بھیجنے کا حکم دیا، پی ٹی آئی ضلع لاڑکانہ کے صدر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مقدمے کو سیاسی انتقام قرار دے دیا، کلرکوں اور ٹھیکیداروں کا احتجاجی مظاہرہ۔ دو روز قبل بدھ کے روز پروونشل بلڈنگز میں ترقیاتی اسکیموں کے ٹینڈرز میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے بھائی ٹھیکیدار رحمت اللہ ابڑو اور محکمہ پروونشل بلڈنگز کے ایگزیکٹو انجینئر آفتاب ابڑو کے درمیان ہوئے جھگڑے کے بعد گرفتار ٹھیکیدار رحمت اللہ کو کل جمعرات کے روز سول لائن تھانہ پولیس کی جانب سے سیشن کورٹ میں ففتھ ایڈیشنل جوڈیشل جج کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے رحمت اللہ ابڑو کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل کسٹڈی بھیجنے کے احکامات دیے۔ عدالت کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹھیکیدار رحمت اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے صوبائی مشیر ورکس اینڈ سروسز نثار کھوڑو خود بھکاری ہیں وہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز میں انجینئرز تعینات کر کے پیسے بٹورتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتی تحقیقات کروائی جائے کہ محکمہ پروونشل کی این آئی ٹیز وقت پر کیوں نہیں کھولی جاتیں۔ پیپلز پارٹی جتنی مرضی انتقامی کارروائی کرلے لیکن وہ ان کے کالے کرتوت سامنے لاتے رہیں گے۔ عدالت میں پیش کرنے کے بعد ٹھیکیدار رحمت اللہ ابڑو کو جیل منتقل کیا گیا، تاہم انہوں نے اپنے وکیل کی معرفت ضمانت کے لیے متعلقہ عدالت میں درخواست دائر کردی ہے، جس کی سماعت آج ہوگی۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی ضلعی صدر سمیع اللہ ابڑو نے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ عبدالرئوف کورائی و دیگر کے ہمراہ لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پروونشل بلڈنگز آفس میں ٹھیکوں کی این آئی ٹی ہونی تھی جس پر رحمت اللہ ابڑو انجینئر کے دفتر پہنچے اور انہیں غیرقانونی کام سے روکا تو جھگڑا ہوا، واقعے کے بعد مقدمہ درج کرنے تھانے پہنچے تو ایس پی ہیڈکوارٹر محمد کلیم ملک موجود تھے جنہوں نے معاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی تاہم پی پی پی ایم پی اے فریال تالپور اور صوبائی مشیر نثار احمد کھوڑو و دیگر کے کہنے پر رحمت اللہ ابڑو کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا گیا جس دوران ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی تین مرتبہ نوڈیرو ہاؤس گئے جو خود ایک کرپٹ ایس ایس پی ہیں جو پیسے لے کر ایس ایچ اوز کی تعیناتیاں کرواتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائے۔ دوسری جانب ورکس اینڈ سروس کے کلرکوں نے مبین برڑو، اسد اللہ میرجت، زاہد حسین سومرو، یار محمد مگنیجو، غلام رسول چھجڑو و دیگر کی قیادت میں پروونشل بلڈنگز آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرکے ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی اور تحفظ کی اپیل کی۔ دوسری جانب لاڑکانہ سرکاری ٹھیکیداروں کی بڑی تعداد نے ٹھیکیدار پر تشدد اور پروونشل بلڈنگز کے ایکس ای این کی مبینہ کرپشن کیخلاف ان کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کی قیادت سعید جتوئی، ریاض لانگاہ نے کی۔ اس موقع پر احسان شاہ، جانب لاشاری، شاہد دایو و دیگر کا کہنا تھا کہ ٹھیکیدار رحمت اللہ ابڑو کو انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ ٹینڈرز اور این آئی ٹیز کا بائیکاٹ کریں گے۔