ملک کو خیراتی ادارے کی طرز پر چلانے کا تجربہ ناکام ہوگیا،بلاول

107

کراچی(نمائندہ جسارت)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو خیراتی ادارے کی طرز پر چلانے کا تجربہ ناکام ہوگیا ہے، عمران خان ملک کواتنا بدحال کرچکے ہیں کہ دہائیوں تک ہرجانہ بھراجائے گا،عمران خان کا اقتداراپنی مدت پوری کرگیا توملک دیوالیہ نہ ہوجائے۔ایک بیان میں بلاول نے کہا کہ عمران خان کا ملک کو خیراتی ادارے کی طرز پر چلانے کا تجربہ بری طرح ناکام ہو چکا ہے، قیامِ پاکستان سے لے کراب تک ملک میں مجموعی طورپراتنی تباہی نہیں ہوئی جتنی تباہی ایک اکیلے عمران خان پھیلاچکے ہیں، عمران خان اور ان کے حواری پرویزمشرف کی طرح لوٹ مارکے بعد ملک کوتباہ کرکے لندن بھاگ جائیں گے۔بلاول نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نمائندے انتخابی حلقوں میں مہنگائی کے مارے عوام سے منہ چھپاتے پھررہے ہیں،ایک ایسا حکمران کیسے ملک چلاسکتا ہے جس کی باتوں کو کوئی سنجیدہ لینے تک کو تیار نہیں، خدشہ ہے اگر عمران خان کا اقتدار مدت پوری کرگیا تو ملک دیوالیہ نہ ہوجائے،کوروناوبا تو بعد میں آئی ، عمران خان اس سے قبل ہی ملکی معیشت کا جنازہ نکال چکے تھے،عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان بدترین سیاسی، انتظامی اور مالی بحران کا شکار ہوگیا ہے، آئندہ کئی نسلوں نے عمران خان کی تبدیلی کی خوف ناک قیمت ادا کرنی ہے ، ملک کی معاشی تباہی کے ذمے دارعمران خان کا سب سے بڑا جرم ملک کے نوجوانوں کی امیدوں کا قتل ہے، عمران خان کو معاشی بحران ورثے میں نہیں ملا بلکہ پیدا کیا ہے۔