لاڑکانہ، ڈاٹسن اور موٹر سائیکل میں ٹکر، ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی

102

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈکن شہر کے قریب ڈاٹسن اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں گاؤں ڈاتو دستی کے رہائشی نوجوان ظہیر دستی اور سکندر علی دستی شدید زخمی ہوئے، جنہیں آسپاس کے لوگوں نے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں دوران علاج نوجوان ظہیر دستی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ زخمی کو طبی امداد دی گئی۔ ورثاء کے مطابق ظہیر اور سکندر ڈکن شہر کام کے سلسلے میں جارہے تھے کہ راستے میں ڈاٹسن اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں وہ جاں بحق جبکہ سکندر زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کی حدود میں مسلح افراد سینیٹری دکان کے ملازم رجب علی چاولی کو یرغمال بناکر پانچ لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، اطلاع پر ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے پولیس کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے تفصیلات معلوم کیں جبکہ پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی حاصل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ اس حوالے سے سینیٹری دکان کے ملازم رجب علی چاولی نے بتایا کہ میں دکان سے پانچ لاکھ روپے کی رقم لے کر دکان مالک کے گھر جارہا تھا کہ راستے میں مسلح افراد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوٹی ہوئی رقم واپس کرکے لٹیروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔