لاہور: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تین سال بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کا فیصلہ کرلیا، وہ 24 مئی بروز پیر کو رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔ ان کی جانب یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت ایک آرڈیننس پارلیمنٹ سے منظور کرانے کارہی ہے، جس میں ان قانون سازوں کی رکنیت منسوخ کردی جائے گی، جنہوں نے اپنے انتخاب کے بعد حلف نہیں لیا ہوگا۔
یاد رہے کہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ایک ترمیم منظور کی تھی ، جس کے مطابق منتخب نمائندہ 60 دن کے اندر حلف نہ اٹھائے تو ایک نشست خالی ہوجائے گی۔
خیال رہے چوہدری نثار نے 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59، این اے 63 اور پی پی 10 سے بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑا تھا، مگر انھیں تحریک انصاف کے امیدواروں نے شکست دے دی تھی، وہ صرف صوبائی اسمبلی کی نشست پر ہی کامیابی حاصل کرسکے تھے۔