عمران خان وزیروں مشیروں کی قربانی دے کر کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتے ،بلاول

445

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ جس ملک کا حکمران کرپٹ ہو وہاں کی معیشت کبھی مستحکم نہیں ہوسکتی‘ معاشی تباہی کے ذمے دار عمران خان وزیروں اور مشیروں کو قربانی کا بکرا بنا کر اپنی نااہلی اور کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اشرافیہ کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہی ہے‘ کیا گیس اور بجلی کی مد میں اربوں روپے کا ٹیکس بھی وفاقی وزرا کی کرپشن کی نذر ہوچکا؟ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم صاحب، ملکی خزانے کے مالک پاکستان کے عوام ہیں، آپ کو ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس بڑھا کر ٹیکس ٹارگٹ پورا کرنے کا ڈراما کرنے والی حکومت ملک لوٹ رہی ہے‘ پہلے عمران خان ٹیکس بڑھا کر عوام کو لوٹتے ہیں پھر ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ہوتی ہے۔ بلاول نے کہا کہ حکومت کی دیانت داری عوام کی نظروں میں مزید مشکوک ہوچکی ہے‘ عمران خان اتنے نااہل ہیں کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں بھی اعتماد کھوچکے ہیں‘ عالمی ادارے ملک میں کرپشن میں اضافے کے انکشافات کرکے عمران خان کی خودساختہ ایمان داری کی دھجیاں اُڑا چکے ہیں‘ صرف اقتدارکو حاصل کرنے کے لیے جھوٹے دعوے کرنے والا شخص ملک و قوم سے مخلص نہیں ہوسکتا۔