پاکستان سپر لیگ کے پہلے14 میچوں میں صرف ایک سنچری

217

کورونا کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ 2021 کو14 میچوں کے بعد روک دیا گیا تھا۔ اس کے باقی میچ جلد ہی متحدہ عرب امارات میں ہونے کی امید ہے جسکی تفصیل کا جلد ہی اعلان متوقع ہے۔
پاکستان سپر لیگ 2021 کے پہلے 14 میچوں میں صرف ایک سنچری اسکور ہوئی ہے۔پاکستان سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے شرجیل خان وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے 100 سے بڑی اننگ کھیلی ہے۔ کراچی میں 24 فروری 2021 کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے100 منٹ میں59 گیندوں پر 9چوکوں اور8 چھکوں کی مدد سے105 رنز بنائے تھے جو96 ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی95 ویں اننگز میں انکی تیسری سنچری تھی۔
شرجیل خان کی سنچری کی بدولت کراچی کنگز نے مقررہ20 اوور میں3 وکٹ پر 196 رنز بنائے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے19.1 اوور میں 5 وکٹ پر197 رنز بناکر میچ 5 وکٹوں سے جیتا۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔
پاکستان سپر لیگ میں شرجیل خان کی یہ دوسری سنچری تھی۔اس سے پہلے انہوں نے دبئی میں21 فروری 2016 کواسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پشاور زلمی کے خلاف62 گیندوں پر12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے117 رنز بنائے تھے جو پاکستان سپر لیگ میں پہلی سنچری بھی تھی۔شرجیل خان کی شاندار سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ20 اوور میں 3 وکٹ پر 176 رنز بنائے تھے۔ پشاور زلمی 18 اوور میں126رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی جسکی وجہ سے اسلام آباد یونائٹیڈ نے اس میچ میں50 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان سپر لیگ میں ابھی تک 6 کھلاڑیوں نے 9 سنچریاں اسکور کی ہیں۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والے کامران اکمل پاکستان سپر لیگ میں 3سنچریاں بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں۔ شرجیل خان نے 2 مرتبہ 100رنز سے بڑی اننگ کھیلی ہیں۔
کامران اکمل نے اپنی پہلی سنچری پشاور زلمی کی جانب سے کراچی کنگز کے خلاف اسکور کی تھی۔3 مارچ2017 کو دوبئی میں ہوئے میچ میں انہوں نے65 گیندوں پر6 چوکوں اور 7چھکوں کی مدد سے104 رنز بنائے تھے۔ اس میچ میں انکی ٹیم نے 24رنز سے فتح حاصل کی تھی۔شارجہ میں 16مارچ 2018 کو ہوئے میچ میں کامران اکمل نے پشاور زلمی کی جانب سے لاہور قلندرز کے خلاف61 گیندوں پر 11 چوکوں اور 7چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر107 رنز بنائے تھے اور اپنی ٹیم کو7 وکٹوں سے جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس وکٹ کیپر نے اپنی تیسری سنچری پشاور زلمی کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹر زکے خلاف کراچی میں22 فروری2020 بنائی تھی۔ اس میچ میں انہوں نے55 گیندوںپر 13 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے101 رنز بنائے تھے اور اپنی ٹیم کی 6 وکٹوں سے جیت میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔