اسرائیلی مظالم پر عالمی خاموشی قابل مذمت ہے، اسد قیصر

125

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے منگل کو اپنے ایرانی ہم منصب محمد باقر قالیباف کو ٹیلی فون کیا جس میں فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطین کے لیے مل کر آواز اٹھانے پر اتفاق کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ فلسطینی شہریوں پر جارحیت انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔اسرائیلی ظلم کے خلاف او آئی سی ممالک کو خطوط لکھے ہیں۔پاکستان کی قومی اسمبلی نے 17مئی کو اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی قابل مذمت ہے ۔ اسد قیصرنے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں پر حملے انسانی اصولوں کے منافی ہیں، ایران کا مسلم ممالک میں کردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔اسد قیصر نے اپنے ہم منصب کو اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ایرانی اسپیکر نے فلسطین کے معاملے پر مسلم ممالک میں اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایران فلسطین سمیت مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔