اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے رنگ روڈ منصوبے میں تبدیلی کا نوٹس لیا ہے، نیب راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی انکوائری کرے گا، جو کوئی بھی ملوث ہوا وہ ضرور بھگتے گا، زلفی بخاری نے صرف نام آنے پر استعفا دے کر مثال قائم کی ہے، حکومت کو اپوزیشن جماعتوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، تحریک انصاف کی حکومت 5سالہ آئینی مدت پوری کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ غلام سرور خان اور زلفی بخاری دونوں خودار انسان ہیں، جب خودار لوگوں کے بارے میں ناجائز باتیں سامنے آتی ہیں تو وہ اس پر ردعمل بھی دیتے ہیں، زلفی بخاری نے انکوائری مکمل ہونے تک اپنے عہدے سے استعفا دے کر ایک مثال قائم کی ہے۔