عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلیے شہباز شریف کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

177

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کی درخواست پر اعتراض ختم کر دیا اور اس کوباقاعدہ طور پر سماعت کیلیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست پر اعتراض پر سماعت کی، شہباز شریف کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے شہباز شریف کو 8 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی لیکن عدالتی حکم کے باوجود شہباز شریف کو ائر پورٹ پر روک لیا گیا استدعا ہے کہ بیرون ملک جانے کے حکم پر عمل درآمد کرایا جائے ۔ عدالتی احکامات پرعمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست کے سواکوئی چارہ نہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے درخواست کے ناقابل سماعت ہونے کا اعتراض ختم کر دیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ شہباز شریف کو علاج کے لیے ایک مرتبہ بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی اگر عدالتی حکم کو ہوا میں اڑایا گیا تو قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کو شہباز شریف کی مرکزی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے درخواست سماعت کے لیے متعلقہ بینچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے کہا کہ درخواست پر مزید کارروائی آئندہ سماعت پر ہوگی۔