حکومت کے جاتے ہی وزیر پہلی رات جہاز سے بھاگ جائیں گے، شاہد خاقان

233

اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ حکومت کے جاتے ہی سب وزیر پہلی رات جہاز سے بھاگ جائیں گے، ہماری کسی سے کوئی جنگ نہیں  اور کبھی کسی ادارے کے خلاف بات نہیں کی۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جب جھگڑا ہی کوئی نہیں تھا تو صلح کیسی؟ ہمارے تعلقات خراب کب تھے؟ ہماری کسی سے کوئی جنگ نہیں اور کبھی کسی ادارے کے خلاف بات نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ جلسوں میں تو باتیں ہوتی رہتی ہیں، ہمارا موقف ہے کہ 2018 کا الیکشن چوری ہوا، اس سے ملک کو نقصان پہنچا، ملک کے حالات خراب ہوئے جس کی بنیادی وجہ آئین سے انحراف ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا  ہے کہ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق شہباز شریف کیخلاف ناجائزپیسے سے جائیداد بنانے کاکیس نہیں، تین سال سے معلوم نہیں شہبازشریف کا جرم کیا ہے، وہ 15 مہینے جیل کاٹ چکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی کی خورد برد میں 600 ارب کی کرپشن ہوئی، آج تک نہ پتا چلا، ہر وزیر پر کرپشن کے مقدمات ہیں، اب رنگ روڈ میں کرپشن آگئی ہے، اب پھر رپورٹ بنے گی اور باتیں ہوں گی، اس حکومت کا کوئی آدمی آج تک گرفتار نہ ہوا، سپیشل اسسٹنٹ نے استعفیٰ کیوں دیا، اس کا تو حکومتی محکمے کیساتھ تعلق ہی نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ چوری چھپانا، ملزمان کو بچانے والا معاملہ نہیں چلے گا، ان کو جواب دینا ہوگا، حکومت جاتے ہی یہ وزیر پہلی رات جہاز سے بھاگ جائیں گے، یہ لوگ پیسے بنانے آئے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کوئی شخص ایسا نہیں جو پیسہ نہ بنارہا ہو، نیب چیئرمین کو نظر نہیں آتا، نیب چیئرمین کو بھی جواب دینا ہوگا جبکہ رنگ روڈ کرپشن کیس میں اصل مجرمان کو بچایا جارہا ہے۔