جسٹس راجا سعید اکرم کو مستقل چیف جسٹس آزادکشمیر بنانیکی ایڈوائس

115

مظفرآباد(صباح نیوز)وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین کشمیر کونسل عمران خان نے آزادکشمیر حکومت کی جانب سے بھیجی گئی سمری منظورکرتے ہوئے جسٹس راجا سعید اکرم کو مستقل چیف جسٹس آزادکشمیر بنانے کی ایڈوائس دے دی۔ صدر آزادکشمیر کی منظوری اور آج نوٹی فکیشن کے بعد مظفرآباد میں حلف اٹھایاجائے گا۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نوتعینات چیف جسٹس عدالت عظمیٰ جسٹس سعید اکرم سے حلف لیں گے۔ جسٹس سعید اکرم کی مستقل چیف جسٹس تعیناتی کی سمری حکومت آزادکشمیر نے ارسال کی تھی، جس پر ڈیڈ لاک تھا تاہم وکلا کے احتجاج اور حکومت آزادکشمیر کی بار بار یقین دہانی کے بعد وفاق نے اس پر منظوری دیدی ہے ۔آئندہ چند روز میں اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی اور چیف جسٹس ہائیکورٹ کی مستقلی کی سمری بھی منظورہو جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس صداقت حسین راجا کے مستقل تقرر کی سمری جلد منظور ہوگی جبکہ اعلیٰ عدلیہ میں7 ججز کی تعیناتی بھی اسی مرحلے میں ہوجائے گی۔ وفاق نے عبوری ایکٹ 1974ء کو مد نظر رکھ کر ججزکے تقرر کافیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق الیکشن شیڈول کااعلان اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک الیکشن ٹریبونل مکمل نہ ہو اور الیکشن ٹریبونل اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر قائم کیاجاتا ہے جس کی وجہ سے وفاق نے ججز کی مستقلی کا فیصلہ کیا ہے۔