نوابشاہ ، زرداری برادری کا گائوںاللہ بخش پر حملہ ، اراضی پر قبضے کی کوشش

209

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) نوابشاہ کے قریب بالو جا قبا تھانے کی حد گائوں اللہ بخش کلہوڑو میں مسلح افراد کا فجر کے وقت گائوں پر حملہ، 50 ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش، حملے کے دوران مسلح افراد کی جدید ہتھیاروں سے فائرنگ، علاقہ گولیوں سے گونج اٹھا، 7 افراد اغوا، خواتین اور معصوم بچوں پر سخت تشدد، حد کی پولیس منظر عام سے غائب، متاثرین نے نوابشاہ پریس کلب کے سامنے دھرنا دیکر روڈ بلاک کردیا۔ نوابشاہ کے قریب بالو جا قبا تھانے کی حد گائوں اللہ بخش کلہوڑو میں زرداری برادری کے مسلح افراد نے فجر کے وقت گائوں پر حملہ کرکے 50 ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش جبکہ حملے کے دوران مسلح افراد کی جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کے نتیجے میں علاقہ گولیوں کی گونج اٹھا جبکہ مسلح افراد نے کلہوڑو برادری کے سات افراد اغوا کرنے کے بعد لاپتا کردیا ہے، جبکہ مسلح افراد کی جانب سے خواتین اور معصوم بچوں پر سخت تشدد کیا گیا، جبکہ حد کی پولیس بھی منظر عام سے غائب نظر آرہی ہے۔ اس سلسلے میں متاثرین ضیاء الحق کلہوڑو، اظہر علی، ذوالفقار علی ودیگر کی قیادت میں نوابشاہ پریس کلب کے سامنے دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم نے 2012ء میں ذوالفقار شاہ والوں سے 50 ایکڑ زمین ڈیڑھ کروڑ میں خریدی تھی جبکہ ذوالفقار شاہ نے ہمارے ساتھ دھوکا کیا اور پیسوں کی لالچ میں آکر وہ زمین ذاکر زرداری اور محسن زرداری کو فروخت کردی، جس کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاکر زرداری اور محسن زرداری ہماری زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں جبکہ آج صبح فجر کے وقت زرداری برداری کے مسلح افراد نے ہمارے گاؤں پر چڑھائی کرکے فائرنگ کی جس کے باعث ہماری خواتین، معصوم بچے اور ہم سخت زخمی ہوگئے جس کے بعد مسلح افراد نے ہمارے 7 افراد کو اغوا کرنے کے بعد لاپتا کردیا ہے اور 21 بھینسیں، 4 ٹریکٹر ٹرالی، 400 گندم کی بوریاں ودیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حد کی پولیس سب کچھ جانتے ہوئے بھی بے خبر ہے جوکہ انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذاکر زرداری، محسن زرداری ودیگر کیخلاف کارروائی کرکے ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔ دوسری جانب محسن زرداری نے میڈیا کو بتایا کہ یہ زمین ہم نے ڈیڑھ سال قبل ذوالفقار شاہ سے خریدی تھی جبکہ کلہوڑا برادری کے لوگ ڈیڑھ سال سے ہماری زمین پر قبضہ کرکے بیٹھے ہیں جبکہ ہم نے کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کیا، کلہوڑا برادری کے لوگ مجھے بلیک میل کرنے کے لیے جھوٹے الزامات عائد کررہے ہیں، ہم نے کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کیا یہ زمین ہماری اپنی ہے۔