سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر پولیس کی جانب سے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کی ہلاکت کے حوالے سے ظاہر کیے گئے ڈاکو کی زندہ گرفتاری کی ویڈیو سامنے آگئی، جس کے نتیجے میںپولیس کا ڈاکوئوں کے ساتھ ہونے والا مقابلہ مشکوک ہوگیا۔ سکھر پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ 12 مئی کی شب واردات کی نیت سے کھڑے ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس کے مقابلے میں فائرنگ سے ڈاکو بھورو جتوئی ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکو پر ضلع کے مختلف تھانوں میں چوری، ڈکیتی اور پولیس مقابلے کے 7 مقدمات درج تھے اور وہ پولیس کو مطلوب تھا۔ تاہم اب ایک فوٹیج منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم بھورو جتوئی کو تماچانی کے اہل علاقہ نے واردات کے دوران پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کیا تھا۔ پولیس حکام نے اب تک واقعے پر اپنا مؤقف نہیں دیا۔