مولانا فضل الرحمن کا عید کے روز ملک گیر مظاہروں کا اعلان

170

اسلام آباد(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے عالم اسلام بالخصوس مظلوم فلسطینی عوام کے لیے گزشتہ روز اپنے ایک وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مسلمانوں کا خون ارزاں کب تک بہتا رہے گا،اسرائیلی درندے مسجد اقصیٰ میں گھس گئے اور اسلامی دنیا خاموش رہی، مسلم امہ پوری دنیا میں عید اور جمعہ کے اجتماعات میں اسرائیلی درندگی کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں ‘ عیدالفطر کے بعد پورے ملک میں اسرائیل کیخلاف مظاہرے ہوںگے،انسانی حقوق کی نام نہاد عالمی تنظیمیںانسانی حقوق کو بیچنے والی تنظیمیں ان ناجائز قبضوں کی حمایت کرتی ہیں
۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ برادران ملت میں پوری امت مسلمہ اور بالخصوص اپنے برادر اسلامی ملک فلسطین کے عوام سے مخاطب ہورہاہوں، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور وہاں پر ریاستی دہشت گردی کی ایک طویل تاریخ ہے، فلسطینی عوام نسل درنسل بڑی بے جگری کے ساتھ ریاستی دہشت گردی کیخلاف فلسطین پر قبضے کے خاتمے اور آزادی کے لیے قربانی دے رہے ہیں،بچے، مائیں ، بہنیں قربانیاں دے رہی ہیں ، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنی جماعت اورپاکستان کے عوام کی طرف سے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔