سکھر،کورونا کے وار جاری ،دو افراد چل بسے ،تعداد 11 ہوگئی

148

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں کورونا کے وار جاری، خاتون سمیت دو افراد چل بسے، 8 دنوں میں ہلاکتوں کی تعداد گیارہ ہوگئی، متعدد نئے کیسز ظاہر، سکھر شہر اور گردونواح میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں اور سکھر سول اسپتال کے کورونا وارڈ میں داخل سکھر کے علاقے تھرمل کالونی کی مکین 55 سالہ خاتون اور روہڑی کے علاقے میمن محلہ کا مکین عبدالمجید قریشی چل بسے، ان کی میتیں اسپتال انتظامیہ نے ایس او پیز کے تحت ایدھی سینٹر سکھر کے حوالے کیں، جنہیں رضاکاروں نے ورثاء تک پہنچا دیا۔ سکھر سول اسپتال کے کورونا وارڈ میں داخل مریضوں میں سے گزشتہ 8 دنوں کے دوران 11 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جن میں 5 خواتین اور 6 مرد شامل ہیں جبکہ دوسری جانب صحت حکام کے مطابق کورونا کے کیسز کی تشخیص میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ سکھر میں کورونا سے ہلاکتوں میں تیزی آگئی ہے، دو روز کے دوران ہلاکتوں کی تعداد چار ہوگئی۔ پرانا سکھر کی رہائشی 70 سالہ خاتون زوجہ گیانچند انتقال کرگئی، ان سے پہلے روہڑی کا رہائشی 80 سالہ عبدالمجید قریشی کورونا سے دم توڑ گیا، جبکہ 61 سالہ شاہین خاتون اور سلیم شیخ بھی انتقال کرگئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دو ہفتوں میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی۔ سول اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں 27 افراد زیر علاج ہیں۔ ایم ایس ڈاکٹر تسلیم اختر خمیسانی کے مطابق گیارہ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔