رنگ روڈ اسکینڈل: ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

189

راولپنڈی ( نمائندہ جسارت) راولپنڈی رنگ روڈ ڈیزائن تبدیل کیے جانے سے متعلق اسکینڈل کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمدانوارالحق کو عہدے سے ہٹا دیا ہے جب کہ ڈپٹی کمشنر جہلم بلال ہاشم کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ اسکینڈل کی انکوائری مکمل ہونے پر ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرشہریارعارف کو ڈپٹی کمشنر اٹک کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ اسکینڈل کی انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ رنگ روڈ کے اصل نقشے کو تبدیل کر کے اس میں مزید نئے راستے شامل کردیے گئے تھے، یہی وجہ ہے کہ منصوبے کے تخمینے میں بھی اضافہ ہوا، جس پر تشویش ہوئی اور انکوائری کا حکم دیا گیا۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں شعیب علی اے ڈی سی آر ریونیو کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اے ڈی سی جنرل راولپنڈی قاسم اعجاز کو اے ڈی سی آر ریونیو راولپنڈی کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔