ہرارے میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کے 3 بولروں نے ایک اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان کے لیے یہ پہلا اور کل ملاکر چھٹا موقع تھا جب ایک ٹیسٹ میچ میں 3 بولروں نے 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔
زمبابوے کی پہلی اننگز میں دائیں ہاتھ کے تیز بولر حسن علی13 اوور میں27 رنز دیکر 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے جبکہ دوسری اننگز میں بائیں ہاتھ کے تیز بولر شاہین شاہ آفریدی اور بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے 5-5وکٹ لیے۔ شاہین شاہ آفریدی نے20 اوور میں52 رنز دیکر 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جبکہ نعمان علی نے21 اوور میں86رنز دیکر ایسا کیا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ایک میچ میں پہلی مرتبہ 3 بولروں نے 5وکٹ انگلینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ میں 1894-95 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں آسڑیلیا کے بولروں نے حاصل کیے تھے۔ جارج گرفین اور سڈنی کالاوے نے انگلینڈ کی پہلی اننگز میں بالترتیب76 رنزدیکر اور37 رنز دیکر 5وکٹ حاصل کیے تھے۔ دوسری اننگز میں البرٹ ٹروٹ نے27 اوور میں43 رنز دیکر 8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ آسڑیلیا نے اس میچ میں382 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔
مانچسٹر میں جولائی 1909 میں انگلینڈ اور آسڑیلیا کے درمیان کھیلا گیا ٹیسٹ بغیر کسی فیصلہ کے ختم ہوا۔ اس ٹیسٹ میں انگلینڈ کے 3بولر ایک اننگز میں 5 وکٹ لینے میں کامیاب رہے تھے۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں سڈنی بارنیز نے56 رنز دیکر 5 اور کولین بیلائتھی63 رنز دیکر اتنے ہی کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ آسڑیلیا کی دوسری اننگز میں ولفریڈ رہوڈس نے83 رنز دیکر 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔
آسڑیلیا کے3 بولروں نے انگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں جولائی 1975 میں ہوئے ٹیسٹ میں ایک اننگز میں 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔انگلینڈ کی پہلی اننگز میں ڈینس للی نے15 رنز دیکر اور میکس والکر نے48 رنز دیکر 5-5وکٹ حاصل کیے تھے۔ دوسری اننگز میں ایسا جیف ٹھا مسن نے38 رنز دیکر کیا تھا۔ آسڑیلیا نے اس ٹیسٹ میں ایک اننگز اور85 رنز سے جیت اپنے نام کی تھی۔
ممبئی میں1981-82 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں بھارت کے 3 بولروں ایک اننگز میں 5وکٹ حاصل کیے۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز میں دلیپ دوشی نے رنز دیکر 5وکٹ لیے جبکہ دوسری اننگزمیں کپل دیو نے 70رنز دیکر 5اور مدن لال نے23 رنز دیکر 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اس میچ میں بھارت نے138 رنز سے جیت درج کی تھی۔
آسڑیلیا اور انگلینڈ کے مابین برمنگھم میں اگست 1993 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میںآسڑیلیا کے 3 بولروں نے ایک اننگز میں 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز میں تیز بولر پال رائفل نے22.5 اوور میں71 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جبکہ دوسری اننگز میں آف بریک بولر ٹم مے نے48.2 اوور میں89 رنز دیکر 5 اور لیگ اسپنر شین وارن نے49 اوور میں82 رنز دیکر اتنے ہی کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ آسڑیلیا نے اس میچ میں8وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔