لاہور (نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ یہ پہلا رمضان ہے جو قوم نے مہنگائی، کورونا، بے روزگاری، معاشی تباہی کے سبب پورا ہی شدید اذیت میں گزارا ہے،مہنگائی کی طرح حکمرانوں کی بے حسی بھی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ گئی ہے ، بلندوبانگ دعووںکے بجائے کاش حکمران ریاست مدینہ والا طرز عمل اپناتے ہیں۔پیر کو ارکان پارلیمان اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ،موجودہ حکومت نے کم آمدن والے اور نادار طبقات کی زندگی جہنم بنادی ہے،ملک میں مہنگائی بالخصوص کھانے پینے کی اشیاکی قیمتوں میں بتدریج ہوشربا اضافہ ہورہا ہے ،پاکستان بیوروآف شماریات کے جاری کردہ حقائق اوراعدادوشمار اس عوام دشمن گھمبیر صورتحال کی نشاندہی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی، ہوس اور بے حسی مل کر پاکستان کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔