بلاول نے سندھ کے عوام کو مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، فرخ حبیب

123

اسلام آباد (آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوے کہا ہے کہ بلاول زرداری نے سندھ کے عوام کو مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے،بلاول صاحب اپنے ملک اور قوم کو ڈوبنے سے بچانے کی خاطر وسائل جمع کرنا باعث ندامت نہیں۔تاریخ لکھے گی کہ سندھ لوٹا جا رہا تھا اور بلاول پریس کانفرنسوں میں چین کی بانسری بجا رہا تھا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا شرم و ندامت آپ کو ہونی چاہیے کہ اپنے ملک اور عوام کا پیسہ لوٹ لیا، بیرون ملک جائیدادبنائیں، پہلے مکر گئے پھر تسلیم کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ شرمندگی کی بات یہ ہے کہ آپ حکمران ہوں لیکن سندھ کے عوام کو کتوں کے کاٹے کی ویکسین بھی میسر نہ ہو۔ انہوں نے کہا تھر میں بھوک سے بلبلاتے بچے اگلے جہاں سدھارتے جائیں ۔ آپ کے والد ،پھوپھو اور دیگر حواری قومی خزانے پر ‘ہاتھ ہولا’ رکھتے تو آج پاکستان کو یوں معاشی مسائل کا سامنا نہ ہوتا۔ ماضی کے لٹیرے حکمران لوٹ مار نہ کرتے تو آج پاکستان اور عوام مقروض نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا بلاول بتائیں کیا سندھ میں 14 ارب کی گندم چوہے کھا جاتے ہیں۔سندھ میں کرپشن میں پلی بارگین کرنے والے 500 سرکاری ملازمین دوبارہ تعینات ہو جاتے ہیں۔ یہ اندھیر نگری اور چوپٹ راج نہیں تو کیا ہے۔ انہوں نے کہا بلاول صاحب آپ نے سندھ کے عوام کو مافیا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جہاں آٹا سب سے مہنگا 1200 روپے میں 20 کلو کا تھیلا بک رہا ہے۔