وزیراعظم کو عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں ، شازیہ مری

233

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ عمران نیازی کو بحیثیت وزیراعظم عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں رہا ،وزیراعظم کی طرح ان کی کابینہ کے وزراء بھی کنفیوز بیانات دے رہے ہیں، جس وزیراعظم کو یہ غرض نہیں کہ لوگ بھوکے پیاسے، خودکشیاں کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نالائق حکومت کی پالیسیز کی وجہ سے غربت میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے اور تقریباً ساڑھے 8 کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں ،عمران خان ہوش کے ناخن لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وقار مہدی، عبدالقادر مندوخیل و دیگر انکے ہمراہ تھے۔ شازیہ مری نے کہا کہ حکومت اورسیز پاکستانیوں کو بھی دھوکا دے رہی ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق کوئی پارلیمانی کمیٹی بھی نہیں بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی پگڑی اچھالنے کی اجازت وزیراعظم کو نہیں، اگر کوئی کوتاہی کرے تو رپورٹ طلب کی جاتی ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ صوبہ سندھ میں دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افسران و ملازمین کی تفصیلات کے متعلق نیب کا خط شرمناک عمل ہے جس پر سندھ حکومت نے نیب کو لال جھنڈا دکھا دیا ہے اور نیب کے خط سے تعصب کی بو آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو عام آدمی کی فکر ہی نہیں ہے مہنگائی نے لوگوں سے خوشی اور خواہش چھین لی ہیں اور آئی ایم ایف کے کہنے پر ملک میں مہنگائی کی جاتی ہے۔پارلیمنٹ کو بائی پاس کرکے آرڈیننس لائے جا رہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔