عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کی جانب سے توہین عدالت کرنیکی لسٹ جاری کردی

263

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کی جانب سے متعدد مرتبہ توہین عدالت کرنے کی لسٹ جاری کردی۔ پی ٹی آئی نے پرویز مشرف غداری کیس کا فیصلہ دینے والے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سیٹھ وقار کو ’’ذہنی مریض ‘‘قرار دیا۔ سیٹھ وقار کے ساتھ ساتھ باقی دونوں معزز ججزپر بھی تنقیدی حملے کیے۔ نوازشریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر لاہور ہائیکورٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پھر اسلام آباد ہائیکورٹ پر بھی نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ضمانت دینے پر حملے کیے۔ مریم نواز اور حمزہ شہباز کی ضمانت پہ بھی زبان درازی کی گئی۔حکومتی لوگوں نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف مسلسل الزام تراشی کی۔فواد چوہدری،فروغ نسیم ،شہزاد اکبر اور فردوس عاشق نے باقاعدہ جسٹس فائز عیسیٰ کی توہین کی۔عمران خان کی ٹیم نے جسٹس باقر نجفی پر 3 مرتبہ باقاعدہ سنگین الزامات لگائے۔ وزیراعظم کی سوشل میڈیا ٹیم نے جسٹس فائز عیسیٰ اور ان کی فیملی کیخلاف کئی ماہ تک مہم چلائی۔اب 3 دن سے شہباز شریف کی بیرون ملک روانگی کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلائی جارہی ہے۔ فردوس امجد کی زبان سے ججز ، بیوروکریٹس اور سیاستدان غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ جسٹس فائز عیسی نے بھی جوڈیشل کمیشن کے سامنے فردوس امجد کی دوبارہ تعیناتی پر سوالات اٹھائے۔ اعلیٰ عدلیہ کے جج پر حملے کرنے میں شہزاد اکبر،فروغ نسیم اور فردوس امجد پیش پیش رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان ججز کی کردار کشی کرنے والے کرداروں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں۔