سکھر، کراچی میں سندھی بستیوں کو مسمار کرنے کیخلاف وکلا کا احتجاج

291

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کی وکلاء برادری کی جانب سے کراچی میں سندھی بستیوں کو مسمار کرنے کیخلاف سیشن کورٹ سکھر کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت ہادی بخش بھٹ، قربان کلوڑ و دیگر وکلاء رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر کراچی میں سندھی بستیوں کو مسمار کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ سندھ حکومت کی سرپرستی میں سندھی بستیوں پر قبضے کرکے لوگوں کو بے گھر اور وہاں پر قبضے کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان بستیوں پر سندھیوں کا حق ہے اور یہ حق ان سے کوئی نہیں چھین سکتا۔ سندھ کی وکلاء برادری متاثرین کے ساتھ ہے اور اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو نہ صرف وکلاء بلکہ سندھ بھر کے لوگ بھی سراپا احتجاج بن جائیں گے۔