لاڑکانہ، پرائمری اسکول ٹیچر محمد ہاشم کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

50

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس نے 15 روز قبل قتل ہونے والے پرائمری اسکول ٹیچر محمد ہاشم کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے دو روزہ ریمانڈ حاصل کرکے تحقیقات شروع کردی۔ اس حوالے سے اے ایس پی سٹی احمد فیصل چودھری نے ایس ایچ او الٰہ آباد عمران بھٹی اور ایس ایچ او مارکیٹ سرتاج جاگیرانی کے ہمراہ ایس ایس پی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دو ہفتے قبل الٰہ آباد تھانے کی حدود میں فائرنگ کرکے قتل کیے گئے پرائمری ٹیچر قتل کیس کا ملزم گرفتار کرلیا گیا، بلائنڈ مرڈر کیس کو پولیس ٹیکنیکس سے ٹریس کیا گیا، مقتول کو قتل کرنے والا شخص کبھی لاڑکانہ نہیں آیا تھا پہلی بار یہاں آیا رکا اور واردات کی۔ خفیہ اطلاع پر شہر کی ممتاز کالونی کے گھر میں چھاپا مار کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم نے ذاتی مسائل کی بنیاد پر ٹیچر کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے، قتل کی وجوہات کیا ہیں، کس کے کہنے پر قتل ہوا، تحقیقات کررہے ہیں۔ ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کر کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے، مقتول پرائمری ٹیچر ہاشم کنبھر کو اس کے اینٹوں کے بھٹے پر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔