اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی مزید 10 روز کے لیے بڑھا دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کی موجودہ تعیناتی 5 اکتوبر 2026 تک تھی، جسے اب 15 اکتوبر 2026 تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رینجرز کی تعیناتی میں توسیع اسلام آباد کے چیف کمشنر اور محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کی گئی درخواستوں کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق توسیع شدہ مدت کے دوران رینجرز اہلکار اسلام آباد میں چیف کمشنر جبکہ پنجاب میں صوبائی حکومت کی جانب سے تفویض کردہ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
حکام کے مطابق رینجرز کی تعیناتی کا مقصد لانگ مارچ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور متعلقہ انتظامیہ کی معاونت کرنا ہے۔















