پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے لیے شروع کی گئی چندہ مہم کے دوران صرف ایک دن میں 4 کروڑ روپے جمع ہوگئے ہیں جبکہ چندہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی اور لانگ مارچ کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔
پشاور میں چندہ مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے چندہ مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے اور کارکنوں کی جانب سے بھرپور تعاون کیا جارہا ہے۔ انہوں نے چندہ مہم میں حصہ لینے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کال کے بعد پہلے ہی روز 4 کروڑ روپے جمع ہونا کارکنوں کے عزم اور تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ چندہ مہم جاری رہے گی اور لانگ مارچ کے انتظامات کے لیے فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا،کارکن اور عوام اپنی استطاعت کے مطابق مہم میں حصہ لے رہے ہیں اور لانگ مارچ کے انتظامات کے لیے مطلوبہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے شیڈول سے متعلق بتایا کہ قافلے کا آغاز 4 اکتوبر کو لکی مروت سے ہوگا، جس کے بعد مختلف علاقوں سے آنے والے قافلے آگے بڑھیں گے، 6 اکتوبر کی صبح قافلہ متنی پشاور پہنچے گا، جہاں سے شرکا صوابی کی جانب روانہ ہوں گے۔
جنوبی اضلاع کے عوام اور کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ اب زندگی اور موت کا مسئلہ بن گیا ہے،یہ معاملہ صرف عمران خان کی رہائی یا تحریک انصاف تک محدود نہیں بلکہ امن کے قیام کا مسئلہ ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کارکنوں سے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس جدوجہد میں انہیں خود کردار ادا کرنا ہوگا، اگر انتظامات میں کوئی کمی رہ جائے تو شرکا اپنی تیاری مکمل رکھیں اور نظم و ضبط کے ساتھ لانگ مارچ میں شریک ہوں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ جہاد ہے اور ظالم کو روکنا بھی جہاد ہے، لانگ مارچ پرامن ہوگا اور شرکا نہتے ہوکر آئیں گے، لانگ مارچ کے دوران انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کارکنوں کو پرامن طریقے سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنی ہوں گی۔
سہیل آفریدی کے مطابق لانگ مارچ کے لیے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چندہ مہم بھی آئندہ دنوں میں جاری رکھی جائے گی، وہ لانگ مارچ کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھیں اور پرامن انداز میں شرکت کریں۔















