دنیا کا سب سے خوبصورت ریلوے اسٹیشن کہاں واقع ہے؟

Untitled-1

دنیا بھر میں روزانہ لاکھوں مسافر ٹرینوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں اور اس دوران ریلوے اسٹیشن بھی ان کے سفر کا اہم حصہ ہوتے ہیں۔ بعض اسٹیشن اپنی سادہ تعمیر کے باعث معمولی محسوس ہوتے ہیں، جبکہ کچھ اپنی منفرد طرز تعمیر اور دلکش ڈیزائن کی وجہ سے مسافروں کی توجہ حاصل کرلیتے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے ایسے ہی خوبصورت ریلوے اسٹیشنز کا انتخاب 2026 کے لیے پیرس ورسائی کے سالانہ بین الاقوامی تعمیراتی اعزازات کے تحت کیا گیا ہے، جس میں مختلف ممالک کے 7 اسٹیشنز کو ان کے منفرد، تخلیقی اور مقامی ثقافت سے ہم آہنگ تعمیراتی انداز کی بنیاد پر شامل کیا گیا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فہرست میں آسٹریلیا، اٹلی اور سعودی عرب کے اسٹیشن نمایاں رہے، تاہم سب سے زیادہ خوبصورت قرار پانے والا اسٹیشن آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں واقع ٹاؤن ہال اسٹیشن ہے، جو فہرست میں پہلے نمبر پر رہا۔

میلبورن کے ٹاؤن ہال اسٹیشن کی وسیع تعمیر، گرجا گھر سے مشابہ طرز پر بنائے گئے بڑے پلیٹ فارم اور تانبے سے تیار کردہ چھتیں اس کے نمایاں تعمیراتی پہلو ہیں، جو اسے دیگر اسٹیشنز سے منفرد بناتے ہیں۔

فرانس کے شہر لیون میں واقع پارٹ ڈیو اسٹیشن نے فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس اسٹیشن کی نمایاں خصوصیات میں عوامی استعمال کے لیے مخصوص مقامات، فرانس میں موجود سب سے بڑی سائیکل پارکنگ اور آرٹ گیلری شامل ہیں۔

اٹلی کے دارالحکومت روم کا کولوسیو فورئی امپیریالی اسٹیشن تیسرے نمبر پر رہا۔ فہرست کے مطابق اس اسٹیشن کی تعمیر مسافروں کو محض ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچانے کے بجائے روم کی تاریخی اور ثقافتی وراثت سے جوڑتی ہے۔

اٹلی ہی کے شہر نیپلز میں قائم مونٹ سینٹ اینجلو اسٹیشن چوتھے نمبر پر رہا، جبکہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع ویسٹرن اسٹیشن نے پانچویں اور نیشنل میوزیم اسٹیشن نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

ریاض کے دونوں اسٹیشنز کو ان کے ایسے منفرد تعمیراتی انداز کے باعث فہرست میں جگہ دی گئی جو سعودی عرب کے صحرائی ماحول اور ریت کے ٹیلوں سے متاثر دکھائی دیتا ہے۔

فہرست میں 7 ویں نمبر پر امریکی شہر لاس اینجلس کا لیکس میٹرو ٹرانزٹ سینٹر شامل ہے، جس نے اپنے منفرد تعمیراتی انداز کے باعث دنیا کے خوبصورت ترین ریلوے اسٹیشنز میں جگہ بنائی۔

مزید خبریں

Scroll to Top