پوچیفسٹروم: آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ڈی ایل میتھڈ کے تحت 45 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
تاہم اس جیت کے باوجود جنوبی افریقا کی ٹیم 3 میچوں پر مشتمل یہ ون ڈے سیریز ایک دو سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔
میچ کے دوران آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ ایلکس کیرے نے 74 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان مچل مارش نے 56 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے اسکور کو ایک مستحکم پوزیشن تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر بلے بازوں میں اولیور پیک نے 48 رنز، میٹ رینشا نے 30 اور ٹریوس ہیڈ نے 24 رنز کا اضافہ کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کوربن بوش نے بہترین گیند بازی کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جیرالڈ کوٹزے اور لیزاڈ ولیمز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں اور جورن فورٹن نے ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 28 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا سکی تھی۔ اسی دوران تیز بارش کے باعث کھیل کو روکنا پڑا جو بعد ازاں دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈی ایل میتھڈ کے ذریعے کیا گیا۔
جنوبی افریقا کے بیٹرز میں رائن رکلٹن نے 71 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کوربن بوش 13 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دیگر کھلاڑیوں میں میتھیو برٹزکے نے 25، کپتان ایڈن مارکرم نے 15، ٹرسٹن اسٹبز نے 14 رنز بنائے جبکہ کوئنٹن ڈی کاک بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلوی باؤلرز کی جانب سے زیویئر بارٹلٹ اور ایڈم زمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بارش کے سبب کھیل کا نتیجہ متاثر ہوا مگر آسٹریلیا نے اپنی شاندار بیٹنگ اور نپی تلی باؤلنگ کی بدولت میچ میں برتری برقرار رکھی۔ سیریز کے اختتام پر میزبان جنوبی افریقا فاتح رہا۔















