ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلوں کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 124 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جہاں اس کا سامنا پاکستان سے ہوگا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کے سامنے 170 رنز کا ہدف رکھا، تاہم سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں بھارتی بولرز کا مقابلہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم صرف 45 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس طرح بھارت نے 124 رنز کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 3 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔
اس سے قبل ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیمی فائنل بارش کے باعث متاثر ہوا، جبکہ گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ کی دونوں اننگز 13، 13 اوورز تک محدود کردی گئی تھیں۔
بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے اور پاکستان کو 112 رنز کا ہدف دیا۔ قومی ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ 112 رنز بنا لیے اور سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرلی۔
اب ایشین گیمز کرکٹ کا طلائی تمغہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 3 اکتوبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔















