کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہاہے کہ الخدمت کی کراچی یوتھ سمٹ نوجوانوں کے لیے امید کا پیغام ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ نوجوان پڑھیں اور آگے بڑھیں، جنریشن زی جس کے اندر بہت پوٹینشل اور صلاحیتیں ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الخدمت بنو قابل پروگرام کے تحت کراچی سے چترال، پنجاب سمیت بلوچستان میں بھی مفت آئی ٹی کورسز کے لیے ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کروائے گئے۔ خیبر پختونخوا کے وہ اضلاع جہاں بدترین حالات ہیں وہاں فری آئی ٹی کا پروگرام بھی چل رہا ہے، گزشتہ 3 سال میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا انقلاب آیا ہے ہم اس پر بھی کام کررہے ہیں اور دور جدید کے تقاضوں کے مطابق کورسز کروارہے ہیں۔یہ بات انہوں نے الخدمت کراچی کے تحت ایکسپو سینٹر میں کراچی یوتھ سمٹ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئےکہی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت بنوقابل پروگرام میں غیر مسلم بھی بڑی تعداد میں پڑھ رہے ہیں، جماعت اسلامی نے زی کنکٹ پروگرام بنایا ہے جس میں نوجوانوں کو فری پروگرام سکھائے جارہے ہیں، ابتدائی طور پر نوجوان کو آگے بڑھانے کے لیے مدد فراہم کر کے جگہ دی جائے گی۔ ہم نوجوان نسل میں اخلاقی معیار پیدا کرنا چاہتے ہیں، ٹیکنالوجی کے میدان میں تخریب کاری نہیں بلکہ تعمیر کاری سکھارہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کی پرفارمنس اور گورننس کو دیکھتے ہیں تو پریشانی ہوتی ہے، ملک میں ایک طبقہ اشرافیہ ہے جسے تمام تر سہولتیں میسر ہیں اور دوسرا طبقہ عوام کا ہے، دونوں طبقات کے درمیان بہت بڑا فرق ہے۔ تنخواہ دار طبقہ نے 700 ارب روپے ٹیکس کی مد میں ادا کیے ہیں۔گیس اور بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصول کیا جاتا ہے،فی لیٹر پیٹرول میں 136 روپے بھتہ ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، دوسری طرف جاگیردار، وڈیرے، خوانین نے ایک سال میں 12 ارب روپے ادا کیے ہیں، طبقہ اشرافیہ کے لیے بجلی، پیٹرول فری ہے اس کا اثر ان لوگوں پر نہیں پڑتا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز جنہیں پرانا جہاز اچھا نہیں لگا اور11 ارب روپے کا نیا جہاز خریدلیا۔ 607 بلٹ پروف گاڑیوں کا ٹینڈر پاس کیا گیاہے، یہ وہ طبقہ ہے جو حکومت اور اپوزیشن پارٹیوں سمیت تمام پارٹیوں میں ملے گا،ایف بی آر جس کا کام ٹیکس وصول کرنا ہے اس ادارے میں 1300 ارب روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔ بدقسمتی سے پارٹیوں میں جاگیردار اور وڈیرے موجود ہیں، آئل مافیا، بنک مافیا ملک کو تباہ و برباد کررہے ہیں، آئی پی پیز مافیا میں تمام حکومتی افراد موجود ہیں جو ان کے جلسے کرواتے ہیں اسی لیے مافیا کے خلاف بات کی جاتی، جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جو ان مافیاز سے آزاد ہے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی یوتھ سمٹ کے انعقاد کرنے پر الخدمت کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،یہ کراچی کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جس میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی اور یہ نوجوان نئے عزم اور امید کے ساتھ اپنے گھروں میں جائیں گے۔ کراچی کی ساڑھے تین کروڑ آبادی میں سوا دو کروڑ یوتھ ہیں۔ شہر کے بے شمار مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ طرز حکمرانی کا ہے۔ شہر میں کوئی چیز ایسی نہیں جو درست حالت میں ہو۔ شہر کے نوجوانوں کے لیے تعلیم بہت بڑا مسئلہ ہے اور یہ صرف کراچی کا نہیں بلکہ پورے صوبہ کا مسئلہ ہے۔
انہوں نےکہا کہ کراچی میں پاکستان کے قیام سے آج تک صرف کراچی یونیورسٹی بنائی گئی جسے 75 سال ہوگئے ہیں، یہ وہ طرز حکمرانی ہے جس سے نوجوانوں کو تعلیم سے دور کردیا ہے۔ بھاری بھرکم فیس سے نوجوان تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔صوبے میں بد قسمتی سے پورے 2 کروڑ 62 لاکھ بچے ایسے ہیں جو تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں،جن میں 78لاکھ بچے سندھ کے ہیں،
منعم ظفر نے کہا کہ الخدمت این جی او کے تحت لاکھوں کی تعداد میں فری آئی ٹی کورسز کرواسکتی ہے تو حکومت و ریاست کیوں نہیں کرسکتی۔ نوجوان ظلم کے نظام کو بدلنے کی جدو جہد میں جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑے ہو جائیں۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ یوتھ سمٹ کا مطلب یہی ہے کہ مایوسی کے دور میں مثبت سرگرمیاں انجام دی جاسکیں۔ الخدمت نے تعلیم کے میدان میں آگے بڑھ کر بنوقابل پروگرام شروع کیا۔ جس سے پاس ہونے والے 1 لاکھ 20 ہزار طلبہ و طالبات روزگار سے وابستہ ہوئے اور بنوقابل پروگرام سے فری لانسنگ میں 1 بلین ڈالر اضافہ ہوا ہے۔ یہ پروگرام ملک کے 66 ڈسٹرکٹ میں پھیل چکا ہے اور اسے مزید وسیع کیا جائے گا۔ الخدمت نے چائنا کی سب سے بڑی کمپنی علی بابا کے ساتھ ایم او یو سائن کرلیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ الخدمت شعبہ صحت میں کام کررہی ہے اور عوام کو سستا اور معیاری علاج فراہم کر رہی ہے، الخدمت کے تحت صاف پانی 4 روپے فی لیٹر فراہم کیا جارہا ہے۔یتیم بچوں کے لیے آغوش ہوم بنایا گیا ہے جس میں تمام تر سہولیات موجود ہیں، کراچی میں اس وقت 2 بڑے آغوش ہوم ہیں جو لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ ہیں۔ یہ ساری کاوشیں اہل خیر کے تعاون اور مدد سے ہی کی جاتی ہیں،ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ جن کی وجہ سے الخدمت تمام شعبہ جات میں کام کر رہی ہے۔#















